غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم جاری، خوراک تقسیم کرنے والے 6 سگے بھائیوں سمیت مزید 37 فلسطینی شہید

09:52 AM, 15 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

غزہ: اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری بمباری میں مزید 37 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں ایک ہی خاندان کے 6 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ ان بھائیوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ بھوکے شہریوں کو خوراک پہنچا رہے تھے۔

 بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ اتوار کے روز غزہ کے علاقے دیر البلح میں پیش آیا۔ شہید ہونے والے بھائیوں کی عمریں 10 سے 34 سال کے درمیان تھیں۔ ان کے والد زکی ابو مہدی کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے جنگ کے آغاز سے ہی محتاج اور متاثرہ لوگوں کی مدد کر رہے تھے، اور ان کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھا۔

اس کے علاوہ، عالمی ادارہ صحت (WHO) نے بھی ایک اور اندوہناک خبر دی ہے کہ ایک فلسطینی بچہ طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا۔ طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور امداد کی راہ میں حائل رکاوٹیں غزہ میں انسانی المیے کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اتوار کو غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں درجنوں افراد شہید ہوئے، جن میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب غزہ کی وزارتِ صحت نے کہا  ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 50 ہزار 944 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ غزہ میں حکومتی میڈیا دفتر کے مطابق اصل تعداد 61 ہزار 700 سے زائد ہو سکتی ہے، کیونکہ ہزاروں افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں