ایران جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے،اس جنگ کے اثرات پاکستان پر بھی ہوں گے: خواجہ آصف

10:29 PM, 15 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ایران جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے،  جوکچھ ہورہا ہے وہ فلسطین کے ساتھ کھڑا رہنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایران جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے،  جوکچھ ہورہا ہے وہ فلسطین کے ساتھ کھڑا رہنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔

 اسرائیل کی طرف سے ایک خود مختار ملک کے سفارت خانے پر حملہ کیا گیا، ایران کے سینیئر فوجی افسر اس حملے میں شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ایران جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے، ایرانی سفارت خانے پر حملے کے بعد توقع  تھی کہ ایران جوابی کارروائی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ کے اثرات پوری دنیا میں جائیں گے جو بڑے ممالک اسرائیل کی پشت پناہی کر رہے ہیں یہ آگ ان کو بھی لپیٹ میں لے گی، اس جنگ کے اثرات پاکستان پر بھی ہوں گے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینوں کے ساتھ کھڑا ہے،  پاکستان فلسطین کی آزادی کے لیے دعاگو اور ان کا حمایتی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ کشیدگی بڑھے لیکن فلسطین میں قتل عام بند ہونا چاہیے۔

ایران کے ساتھ تعلقات کے بارے میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایران کےساتھ ایک واقعہ ہوا تھا لیکن ایران سے تعلقات مستحکم ہیں، گیس پائپ لائن پر بھی بات آگے بڑھی ہے جس سے تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر سے ایرانی سرحد تک اپنے حصے کی گیس پائپ لائن بنا رہے ہیں، پاکستان پائپ لائن بچھانے کی پوزیشن میں ہے اور ہم نے فیصلہ کرلیا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

مزیدخبریں