کراچی میں پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس بھی شروع کرنے کا فیصلہ

03:31 PM, 15 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی : کراچی میں  پنک بس سروس کے دو نئے روٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔  پنک بس سروس کے نئے روٹس کا افتتاح 19 اپریل کو ہوگا۔سندھ کے سینئر وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام نے میرپورخاص میں پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


 شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کمال دایو نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی، گرین لائن، یلو لائن پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اجلاس کے دوران شرجیل انعام میمن نے عوام کےلئےخوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص میں پیپلز بس سروس شروع کرنے اور پنک بس سروس کے2 نئے روٹس شروع کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 نئی بسز بھی پنک بس سروس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پنک بس سروس کے نئے روٹس کا افتتاح 19 اپریل کو ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ 20اپریل سےمیرپورخاص کےعوام کےلئےبھی پیپلزبس سروس شروع کی جائے گی جب کہ کیش لیس آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سمارٹ کارڈ 25 اپریل سے لانچ کیا جائےگا۔پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے، اقتصادی سرگرمیوں کوبھی فروغ ملےگا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ بھر میں پیپلز بس سروس کے آغاز سے عوام کو انقلابی رلیف ملے گا، انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد رلیف مل سکے۔

مزیدخبریں