سرگودھا: انسداددہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پورکو 3 روزکے جسمانی ریمانڈپرپولیس کےحوالےکردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپورکو صدربھکرپولیس کےحوالےکیاگیا ہےجس کے بعد پولیس انہیں عدالت سے لے کر روانہ ہوگئی ہے ۔عدالت کی جانب سے بھکر پولیس کو 3 روز میں تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے علی امین گنڈا پور کو دو روزہ راہداری ریمانڈ پر بھکر پولیس کے حوالے کیا تھا ، سیشن جج ناصر جاوید رانا نے راہداری ریمانڈ کے حوالے سے محفوظ شدہ فیصلہ سنا یا ۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو راہداری ریمانڈ پر بھکرپولیس کے حوالے کیا جارہا ہے ۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر علی امین گنڈا پور کو پہلے ڈی آئی خان سے گرفتار کیا گیا تھا اور پھر انہیں اسلام آباد منتقل کیا گیا اور اب عدالت نے انہیں 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر بھکر پولیس کے حوالے کردیا ہے ۔