پاک نیوزی لینڈ ٹی 20 سیریز ،پاکستان نے میچ جیت کر 1.0 کی بر تری حاصل کرلی

08:21 AM, 15 Apr, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور :پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو ٹی20 میچ میں صرف 94 رنز پر ڈھیر کر کے 88رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

 قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس  جیت کر  نیوزی لینڈ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا  نہ رہا اور محمد رضوان دوسرے ہی اوور میں صرف آٹھ رنز بنانے کے بعد ایڈم ملنے کی وکٹ بن گئے۔اس کے فوری بعد  اپنا 100ویں ٹی20 میچ کھیلنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی ملنے کی باؤلنگ  کا شکار ہوگئے ۔

 
30 رنز پر  دو وکٹوں کے نقصان کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے نوجوان  کھلاڑی صائم ایوب آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت قائم کی۔صائم ایوب نے عمدہ  کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے لیکن وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں وہ نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور پویلین لوٹ گئے۔

  نیوزی لینڈ کے باؤلر میٹ ہنری نے اپنی ٹیم کو یکے بعد دیگرے مزید دو کامیابیاں دلاتے ہوئے شاداب خان اور افتخار احمد کو  پویلین جانے پر مجبور کردیا۔فخر زمان بھی چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز کی باری کھیلنے کے بعد   پویلین لوٹ گئے۔

 
چھ وکٹیں گرنے کے بعد عماد وسیم اور فہیم اشرف نے میدان سنبھالا اور اسکور کو 160 تک پہنچا دیا، وہ 16 اور 22 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔پاکستان کی پوری ٹیم ایک گیند قبل 182 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ 

 
 

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کو دوسرے ہی اوور میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا اور زمان خان کی گیند پر چیڈ بوز ایل بی ڈبلیو ہو کر واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد اگلے اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے وِل ینگ کو بولڈ کرکے ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی جبکہ 29 کے مجموعے پر فہیم اشرف نے ڈیرل مچل کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

 
 

اس کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم کے  کپتان ٹام لیتھم کا ساتھ دینے مارک چیپمین آئے اور دونوں نے اننگز کی سب سے بڑ ے 27 رنز کی شراکت قائم کر کے اننگز کو مستحکم کرنے کی کوشش کی لیکن حارث رؤف نے  کیوی کپتان کی 20 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ مارک چیپمین نے 34 رنز کی باری کھیل کر کچھ مزاحمت کی لیکن شاداب خان نے زمان کی مدد سے انہیں بھی آوٹ کردیا ۔ اس کے بعد مہمان ٹیم پاکستانی باؤلرز بالخصوص حارث رؤف کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے ٹھہر نہ سکی اور پوری ٹیم صرف 94 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

 
 

نیوزی لینڈ کی آخری پانچ وکٹیں صرف 19 رنز کے اضافے سے گریں اور پاکستان نے میچ میں 88 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں بھی 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں صرف 18 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کرنے پر حارث رؤف کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔ 17 اپریل کو سیریز کا تیسرا میچ بھی قذافی اسٹیڈیم  میں ہوگا جبکہ چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ 20 اور 24 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں