لاہور: تخت لاہور کس کا ہے؟ اس کا فیصلہ آج ہونے جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف بنیں گے یا پھر چودھری پرویز الہیٰ اس کا فیصلہ آج ہوگا۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ ہفتہ کو ہونیوالے اجلاس میں وز یراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوگا، پنجاب اسمبلی کے گرد 500 میٹر کے اندر دفعہ 144 نافذ کردی گئی، وزارتِ اعلیٰ کے امیدواروں کی جانب سے پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس بھی منعقد کیے گئے ۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وز یر اعلیٰ پنجاب کے لئے ووٹنگ ہو گی، آئین کے آرٹیکل 130کے تحت قائد ایوان کا انتخاب ہو گا۔ ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری اجلاس کی صدارت کریں گے۔ حمزہ شہباز اور چوہدری پرویز الہیٰ کے مابین مقابلہ ہوگا۔ ووٹنگ ساڑھے 11 بجے شروع ہوگی۔
محکمہ داخلہ نے کل کے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے سلسلہ میں دفعہ 144 لگا دی ہے۔ ارکان اسمبلی کے علاوہ کسی بھی فرد کے پنجاب اسمبلی داخلہ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ڈپٹی سپیکر سردار دوست مزاری نے کہاہے کہ میڈیا کو اسمبلی پریس گیلری سے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کی کوریج کی اجازت ہو گی۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ تعاون نہیں کر رہا۔
ادھر مسلم لیگ ن پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس رائل سوئس ہوٹل میں منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز نے اجلاس کی صدارت کی۔ چوہدری پرویز الہٰی نے بھی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی،اجلاس میں قائم مقام وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی شرکت کی۔ پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔