اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان آٹا، چینی، بی آر ٹی اور فارن فنڈنگ کے چور ہیں۔ خالی گھڑی پر نہیں بڑی،بڑی چیزوں پر بھی جواب دینا پڑے گا ۔ آپ فارن فنڈنگ کیس میں ملزم ہیں،اپنے ملازمین کے اکاؤنٹس میں پیسے منگوائے۔
فواد چودھری کے بیان کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد چودھری صاحب آپ کو تمام چیزوں کا حساب دینا ہوگا۔ عوام کی چینی،آٹا،بجلی چوری کرنےوالےملزم عمران خان ہیں۔ ابھی تو توشہ خانہ کا ٹیزرآیا ہے،بہت جلد مکمل تفصیلات عوام کے سامنےآئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آمدن تو اتنی نہیں،کن ذرائع نے انہیں پیسےدیئے۔ کفلنگ میں کونسا نیشنل انٹرسٹ ہےجسے ڈکلیئرنہیں کیا جاسکتا۔ گولڈ پلیٹڈ کلاشنکوف غائب ہے جو بنی گالہ سے ملےگی۔ دو کروڑ کے تحفے 18کروڑ میں بیچے۔ گھڑی،کفلنگ اور انگوٹھیوں کی قیمت 14کروڑروپےہےجسے2 کروڑ دےکرجمع کرایا۔
انہوں نے کہا کہ یہی وہ لوگ تھے جو پی ٹی وی کو بیچنے کے چکروں میں تھے۔ کہتے ہیں نیشنل انٹرسٹ میں ریکارڈ نہیں دے سکتے۔ عمران نے ملک کے آئین کو یرغمال بنایا ہوا تھا۔ عمران خان کو گھڑی،کفلنگ،انگوٹھیاں ملیں انہیں آپ نے ڈکلیئرکرنی تھیں۔ کہا جاتا ہے اگرگھڑی ملی تو ہم نے بیچ دی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کےدور میں ملک نے 4 سال قید کاٹی تھی اب وہ آزادہوچکا ہے۔ عمران کے جانے کے بعد اب ملک آزاد ہوگیا ہے۔ عدالتوں نے بھی اسی ریکارڈ کی وجہ سے ضمانت دی ہے۔ اسی ریکارڈ کے مطابق این سی اے کا فیصلہ ہے۔ اسی ریکارڈ سے توہمیں ضمانتیں ملی ہوئی ہیں،اس کی چوری کیوں کریں گے۔