عمران خان نے توشہ خانے کی گھڑی بیرون ملک فروخت کی : فواد چودھری کا اعتراف 

عمران خان نے توشہ خانے کی گھڑی بیرون ملک فروخت کی : فواد چودھری کا اعتراف 
سورس: File

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے عمران خان کی طرف سے توشہ خانے کی گھڑی فروخت کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے  وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان پر الزامات کے ردعمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ عمران خان پر کیسے الزامات لگائے جائیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ کسی دوسرے ملک نے گھڑی تحفے میں دی وہ اس وقت کے وزیراعظم نے حکومت سے خریدلی۔  عمران خان نے حکومت سے خریدی گئی گھڑی باہر جا کر بیچ دی تو اس میں کیا جرم ہے؟

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آیا کہ شہباز شریف کا الزام ہے کیا؟ شہباز شریف کنفیوژ ہیں ان کو سمجھ نہیں آ رہا کہ عمران خان پر کیسے الزامات لگائیں۔

سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گھڑی 5 کروڑ کی ہو یا 10کروڑ کی، اگر میری ہے اور میں نے بیچ دی تو اس پر کوئی اعتراض نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کبھی گھڑی تو کبھی کوئی کریکٹر لے آتے ہیں، شہباز شریف عمران خان پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کر رہے ہیں، شہباز شریف سطحی گفتگو سے پرہیز کریں اور ملکی مسائل پر توجہ دیں۔

مصنف کے بارے میں