آئس کے نشے میں دھت ملزم کی اہلخانہ پر فائرنگ، 6 افراد جاں بحق

10:52 AM, 15 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: آئس کے نشے میں دھت ملزم نے اپنے ہی اہلخانہ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے  گرین ٹاؤن کے علاقہ میر چوک کے قریب گھر میں آئس کے نشے میں دھت ملزم عابد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر اس کے والدین، بہن، خالہ اور بھانجا موقع پر جاں بحق جبکہ ملزم کے سسر کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ بھی جانبر نہ ہو سکا اور واقعے میں تین خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ہلاک ہونے والوں میں ساٹھ سالہ غلام حسین ، پچپن سالہ آسیہ بی بی ، پندرہ سالہ ہمایوں اور پنتیس سالہ راحیلہ بی بی شامل ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس اور تحقیقاتی ادارے موقع پر  پہنچ گئے  اور ضروری  کارروائی کے بعد لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا ۔پولیس کے مطابق  ملزم  نے آئس کانشہ کررکھاتھا اس نے اپنے ہی گھروالوں کوقتل کردیا . ملزم نے اپنے پولیس کو دئیے گئے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ مقتولین نے  اس کے بیٹے پر تشدد کیا تھا جس کا بدلہ لیا۔

مزیدخبریں