اسلام آباد،پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نےکالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کی ہرقسم کی میڈیاکوریج پر پابندی لگادی۔
پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام ٹی وی چینلز اور ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز کو اس حوالے سے ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔
پیمرا کے مطابق وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا ہے،پیمرا کے ریگولیشن اورضابطہ اخلاق پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 کے تحت کالعدم جماعتوں کی میڈیا کوریج پر پابندی ہے۔
خیال رہےکہ وفاقی وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) کو کالعدم قرار دیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تحریک لبیک پاکستان ملک میں دہشت گردی اور دوسرے گھناؤنے جرائم میں ملوث ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایل پی ملک میں لوگوں کواکسا کر انتشار پیدا کرنے سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی اموات اور زخمی کرنے میں ملوث ہے۔