لاہور: دورہ جنوبی افریقہ میں شاندار کارکردگی پر قومی ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر بھی بابر اعظم کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے جن کا کہنا ہے کہ بابر نے بہت سخت محنت کی جس کا صلہ اسے مل رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ بابراعظم ایک بہترین کھلاڑی ہے جو اپنے کھیل کا ساتھ مخلص ہے، اس نے بہت سخت محنت کی جس کا صلہ مل رہا ہے، پاکستان ٹیم میں بابر اعظم ایک خاص ٹیلنٹ ہے اور وہ جو اعزاز حاصل کررہا ہے اس کا مستحق بھی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں شاندار اور دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 59 گیندوں پر شاندار 122 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
قبل ازیں انہوں نے جنوبی افریقہ کیخلاف ہی کھیلی گئی ایک روزہ سیریز میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے رینکنگ میں بھی ویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی جس پر وہ گزشتہ پانچ سالوں سے قبضہ جمائے بیٹھے تھے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مکی آرتھر کو بابر کے کامیاب کیریئر کے پیچھے اہم افراد میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جنہوں نے قومی ٹیم کی کوچنگ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کی کوچنگ کے فرائض انجام دئیے جبکہ ان کی کوچنگ میں ہی پاکستان نے چیمپینز ٹرافی 2017ءکے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔
بابراعظم کی شاندار کارکردگی، مکی آرتھر بھی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے
10:27 PM, 15 Apr, 2021