انسٹاگرام پوسٹس پر لائکس چھپانے کے فیچر کی آزمائش 

انسٹاگرام پوسٹس پر لائکس چھپانے کے فیچر کی آزمائش 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: معروف فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کی ہے جس کے تحت صارفین اپنی پوسٹس پر ملنے والے لائکس چھپا سکیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق انسٹاگرام نے 2019ءمیں پوسٹس پر لائکس چھپانے کے فیچر کے اثرات دیکھنے کیلئے محدود صارفین پر آزمائش شروع کی تھی جس دوران یہ دیکھنے میں آیا کہ کچھ صارفین لائکس چھپانے کو ترجیح دیتے ہیں۔
فیس بک کے ایک ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا کہ ہم اب نئے آپشن کی آزمائش کررہے ہیں جس کے تحت لوگ خود فیصلہ کریں گے کہ وہ اپنی پوسٹس پر لائکس چھپانا چاہتے ہیں یا نہیں اور یہ فیچر متعارف کرائے جانے کے بعد صارفین اپنی پوسٹس پر لائکس کو چھپا سکیں گے یا لائکس کو برقرار رکھ سکیں گے۔
انسٹاگرام میں جب 2019 میں اس فیچر کی آزمائش شروع ہوئی تھی تو اس موقع پر کمپنی کے سربراہ ایڈم میسوری نے کہا تھا کہ اس سے نوجوانوں پر زیادہ سے زیادہ لائکس کا دباؤ کم ہوگا مگر فیس بک کے خیال میں لائکس کو چھپانا درحقیقت صارفین کو زیادہ پوسٹ کرنے پر اکسائے گا اور یہی وجہ ہے کہ یہ فیچر جلد فیس بک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
کمپنی کا خیال ہے کہ اس فیچر کے باعث درحقیقت صرف زیادہ پوسٹس ہی نہیں بلکہ صارف ایپ میں زیادہ وقت گزاریں گے جس سے فیس بک کی اشتہاری آمدنی میں انسٹاگرام صارفین کے ذریعے مزید اضافہ ہوسکے گا۔ ایڈم میسوری نے بھی اس ممکنہ اثر کو تسلیم کیا ہے مگر کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے جو وضاحتیں کی جارہی ہیں ان میں بار بار کہا گیا کہ اس کا مقصد پلیٹ فارم کو بہتر بنانا ہے۔