لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابراعظم نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں بھی ٹاپ پوزیشن پر نگاہیں مرکوز کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر جگہ بنانے والے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں، تینوں پاکستان کرکٹ کے روشن ستارے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سخت محنت اور یکسوئی سے اپنا مقام برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا، ویوین رچرڈز نے جنوری 1984ءسے اکتوبر 1988ءجبکہ ویرات کوہلی نے 1258ءروز تک یہ پوزیشن اپنے پاس رکھی، میں بھی اپنی پوزیشن طویل عرصہ تک بحال رکھنے کی کوشش کروں گا۔
بابر اعظم نے کہاکہ میں اس سے پہلے ٹی 20میں بھی سرفہرست رہ چکا اور اب ون ڈے میں بھی ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے لیکن میرا اصل ہدف ٹیسٹ کرکٹ کا نمبر ون بلے باز بننا ہے کیونکہ کسی بھی کرکٹر کی صلاحیتوں کا اصل امتحان طویل فارمیٹ ہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں فی الحال ان لمحات سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں،میرے قومی ٹیم کے قیادت سنبھالنے کے 18 ماہ بعد پاکستان ایشیاءکا وہ واحد ملک بن گیا جس نے جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر دوسری مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شکست دی۔