محمد رضوان 2021ءکیلئے وزڈن کرکٹر آف دی ائیر میں شامل ہو گئے

محمد رضوان 2021ءکیلئے وزڈن کرکٹر آف دی ائیر میں شامل ہو گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

 لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے وزڈن کی جانب سے 2021 کیلئے ’کرکٹرز آف دی ایئر‘ میں جگہ بنا لی ہے جبکہ انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس لیڈنگ پلیئر آف دی ایئر قرار پائے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق محمد رضوان کو گزشتہ سال انگلینڈ میں شاندار کارکردگی پر وزڈن فائیو 2021ءمیں شامل کیا گیا ہے، محمدرضوان نے گزشتہ سال دورہ انگلینڈ میں شاندار وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 ٹیسٹ میچز میں 161 رنز بنائے اور 5 کیچ پکڑے تھے۔
پاکستانی سٹار کو دیگر 4 کھلاڑیوں، ڈوم سبلی، جیسن ہولڈر، زیک کرالی اور ڈیرن سٹیون کیساتھ شامل کیا گیا ہے۔ آخری مرتبہ 2017ءمیں یونس خان اور مصباح الحق وزڈن کی فہرست میں شامل ہونے والے آخری پاکستانی کھلاڑی تھے اور اب محمد رضوان اس میں جگہ بنانے والے 18ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ انگلش یا غیرملکی کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں پیش کی جانے والی کارکردگی کی بنیاد پر وزڈن کرکٹ آف دی ایئر کی فہرست میں شامل کیا جاتا ہے اور محمد رضوان کی اس فہرست میں شمولیت نے دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم بلند کر دیا ہے۔