نئی دہلی : بھارتی کسانوں نے مودی سرکارکے خلاف 21 اپریل کو دہلی کی طرف مارچ کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلا ت کے مطابق 21 اپریل کو شروع کیے جانے والے مارچ میں کسان کارکن اور خواتین شامل ہوں گی ۔ کسانوں کا کہنا ہے حقوق ملنے تک لڑتے ر ہیں گے۔ بھارت میں کسانوں کا متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف 4 ماہ سے زائد عرصہ سے دہلی کی سرحد سمیت کئی ریاستوں میں احتجاج جاری ہے ۔
کسان یونین کے میں شامل چالیس ارکان کی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہم ہر طرح سے دہلی حکومت کو سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن دہلی سے کوئی جواب نہیں مل رہاہے ۔
اب تک دہلی حکومتی کمیٹی اور کسان یونین کمیٹی کے درمیان بات چیت کے گیارہ دور ہوچکے ہیں ۔ لیکن اب تک اس میں کوئی بھی پیش رفت سامنے نہیں آرہی ہے۔
کسان اس وقت دہلی کے مختلف بارڈرز سمیت کئی جگہوں پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں ، مگر ایک سو سینتس سے زائد دن گزر جانے کے باوجود کسانوں کی مانگیں پوری نہیں کی جارہی ہیں ۔
واضح رہے کہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ بھارت پر کسانوں نے لال قلعے کی جانب پیش قدمی کی تھی جس میں لال قلعے پر سکھوں کے مذہبی جھنڈے کو بھی لہرایا گیا تھا۔
جس کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں سکھ کسانوں کی گرفتاریاں بھی ہوئیں تھیں ، جس میں معروف ترین اداکار دیپ سدھ بھی شامل ہیں ۔