اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ برصغیر میں اسلام درگاہوں،اولیائے کرام کی تبلیغ ,بزرگان دین کی محبت، اخلاص اورانسانیت کے درس کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہوا۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک جیسے شدت پسند گروہ اسلام کی اس شناخت کو بدلنا چاہتے ہیں اور تشدد اور انتہاپسندی کو ہوا دینا چاہتے ہیں ایسی کوششوں کو ناکام بناناہر مسلمان کا فرض ہے۔
واضح رہے کہ مذہبی جماعت کی طرف سے گزشتہ تین دن سے ملک بھرمیں دھرنے اور مظاہرے جاری ہیں۔اس دوران مظاہرین نے پولیس اہلکاروں سمیت شہریوں پر تشدد بھی کیا۔ لاہور میں مظاہرین کے تشدد سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
دوسری طرف وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کی درخواست پر تحریک لبیک پر پابندی لگادی ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نےنیوز کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ تحریک لبیک پر پابندی لگانے جا رہے ہیں۔شدت پسند گروہوں کو حکومت کو بلیک میل کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔