لاہور:لاہور میں پولیس نے شہر میں جاری مظاہروں کو ختم کروا دیا۔رات گئے اور صبح کئے گئے آپریشن کے بعد مظاہروں کے باعث بند ہونے والی بیشتر سڑکوں کو کھول دیا گیا جبکہ سکیم موڑ اور یتیم خانہ چوک اب بھی عام ٹریفک کے لیے بند ہے۔
نیو نیوز کے مطابق پولیس نے رات گئے اور صبح سویرے تین دن سے جاری رہنے والے مظاہرے اور دھرنے ختم کرانے کے لیے آپریشن کیا۔پولیس کو رینجرز کی بھی مدد حاصل تھی۔شنگھائی پل فیروزپور روڈ سے تمام گاڑیوں کو ہٹا دیا گیا۔مظاہرین نے مزدوں کو کھڑا کرکے روڈ بلاک کیا ہوا تھا۔ ٹریفک کی روانی بحال کرادی گئی۔
لاہور پولیس نے داروغہ والا چوک میں بھی آپریشن مکمل کرلیا۔چوک کا کنٹرول پولیس نے سنبھال لیا۔مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔پولیس کے جواب پر مظاہرین چوک چھوڑ کر گلیوں میں فرار ہوگئے۔سڑک پر پڑے پتھر ہٹھا دیے گئے۔
واضح رہے کہ مذہبی جماعت کی طرف سے گزشتہ تین دن سے لاہور کے 22 علاقوں میں احتجاج اور دھرنا جاری تھا ۔پولیس نے 21 مقامات سے دھرنے ختم کرادیے ہیں۔