اگر شہریوں پر مزید کیمیائی حملے ہوئے تو امریکا پھر سے شام کو نشانہ بنائے گا، ٹرمپ

11:42 PM, 15 Apr, 2018

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام پر ایک اور حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر شامی حکومت نے اپنے عوام پر دوبارہ کیمیائی حملہ کیا تو جواب میں امریکا پھر سے شام کو نشانہ بنائے گا۔
بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر نے ایک بار پھر شامی حکومت کو کیمیائی گیس کے استعمال سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر شہریوں پر مزید کیمیائی حملے ہوئے تو امریکا اپنے اتحادیوں کی مدد سے شام پر دوبارہ میزائل حملہ کرنے میں ذرا بھی دیر نہیں لگائے گا جس کے لیے امریکا کی تیاریاں مکمل ہیں۔
دوسری جانب کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی عالمی تنظیم او پی سی ڈبلیو کے نمائندے اس وقت شام کے دارالحکومت دمشق میں موجود ہیں جہاں سے انہیں کیمیائی گیس کے مبینہ استعمال سے متعلق تفتیش کرنے کے لیے دوما جانا ہے۔واضح رہے کہ امریکا نے برطانیہ اور فرانس کی مدد سے گزشتہ روز شام میں واقع کیمیائی ہتھیار کی تنصیبات اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

مزیدخبریں