ممبئی : بالی ووڈ فلمساز رام گوپال ورما اپنا زیادہ تر وقت سوشل میڈیا پر گزارتے ہیں اور پوری شدت کے ساتھ ٹوئٹس کر کے لوگوں کو پریشان کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ اداکار ٹائیگر شیروف آج کل رام گوپال ورما کے نشانے پر ہیں۔
فلمساز نے پہلے تو انھیں ارمیلا ماتونڈکر کے نام سے پکارا تھا اور اب اپنی تازہ ٹوئٹ میں ان کے بارے میں مزید ہتک آمیز جملے استعمال کئے ہیں۔
ٹائیگر شیروف نے صحافیوں کی جانب سے اس بارے بات کرتے ہوئے ایک بار پھر رامو کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی لیکن فرح خان نے اپنی ٹوئٹ میں رامو کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ”کیا عورت ہونا شرم کی بات ہے، یوں تو کسی کو ہتک کا نشانہ بنانا شرم کی بات ہے لیکن ان لوگوں کے لیے جن کے پاس ضمیر ہو“۔