نیویارک: بین الاقوامی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق مذہب کے نام پر تشدد پھیلانے والے ممالک میں بھارت کا چوتھا نمبر ہے۔
بین الاقوامی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذہب کے نام پر تشدد پھیلانے والے ممالک میں شام کا پہلا جب کہ بھارت کا چوتھا نمبر ہے۔ خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہنے والا بھارت دنیا بھر میں مذہب کے نام پر تشدد پھیلانے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے جب کہ اس فہرست میں خانہ جنگی کا شکار ملک شام کا نمبر پہلا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں 2015 میں انتہا پسند ہندووں کی طرف سے گائے ذبح کرنے اورمسلمانوں پر حملوں کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں اور رپورٹ کے مطابق زیادہ تربھارتی حکومت کی جانب سے عائد پابندیوں کا اثر دیگر مذاہب سے منسلک افراد پر بھی پڑا۔
پیو ریسرچ سیٹر کی جانب سے اس رپورٹ کو عورتوں پر ظلم و ستم، فرقہ وارانہ تشدد، مذہبی منافرت اور سماج دشمنی جیسے عناصر کو بنیاد بنا کر مرتب کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذہب کے نام پر تشدد پھیلانے میں شام سرفہرست، نائیجیریا دوسرے اور عراق تیسرے اور بھارت چوتھے نمبر پر ہے۔