اسلام آباد:سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز کا کہنا ہےکہ حکومت نے قانون سازی کو خفیہ رکھ کرمتنازع بنا دیا ہے۔سینیٹ اجلاس میں شبلی فراز نے خطاب کرتےہوئے کہا کہ حکومت نے قانون سازی کو خفیہ رکھ کرمتنازع بنا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ملک کے مفاد میں قانون لا رہے ہیں تو ہمارے ساتھ بھی شیئر کریں، آپ کسی خاص طبقہ کے مفادات کے لیے یہ سب کررہے ہیں،ہیجان برپاہے کہ ملک میں آئینی ترامیم لائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کسی بھی قانون سازی کے لیے ہمیں یہاں بل پکڑا دیے جاتے ہیں، پڑھے بغیر پاس کردیے جاتے، بل بلڈوز کیے جاتے ہیں،متعلقہ کمیٹیوں کو بل نہیں بھیجے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ وہ قوانین جو ملک کو چلانے میں مدد دیتے ہیں اس ہاؤس کی بنیادی ذمہ داری ہیں، یہ آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرنا تو فخر کی بات ہے۔سینیٹر شبلی فراز نے مزید بتایا کہ ملک جن حالات سے گذر رہا ہے وہ دردناک کہانی ہے،اس وقت ملک میں تناؤ بے یقینی ہے ایسا کبھی نہیں ہوا،بلوچستان امن و امان کی وجہ سے خراب حالات سے گذر رہا ہے۔
انہوں نے ایوان کو بتایا کہ دہشتگردی کی وجہ سے خیبرپختونخوا نے بے تحاشہ قربانیاں دیں،چالیس سال پہلے پرائی جنگ میں دھکیلنے والے پھر خیبرپختونخوا میں متحرک ہوگئے ہیں،اگر آپ ملک کی بہتری کےلئے قانون سازی کررہے ہیں تو ہمیں بھی دکھائیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ارکان لوگوں کو توڑنے مروڑنے میں لگے ہوئے ہیں، اگر نمبرز ہوں تو کوئی بھی قانون سازی کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ میں گنڈا پور نے مخصوص صحافیوں سے متعلق بات کی جس پر پوری لیڈر شپ نے معذرت کی ہے اور میں بھی صحافیوں سے معذرت کرتا ہوں۔