اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے انتہائی متنازع ٹویٹ کیا، ڈبل گیم علی امین گنڈاپور کے ذریعے ہو رہی ہے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے انتہائی متنازع ٹویٹ کیا، ڈبل گیم علی امین گنڈاپور کے ذریعے ہو رہی ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہاکہ گنڈاپور سات آٹھ گھنٹے اپنی مرضی سے وہاں رہے اور اپنی مرضی سے اٹھ کر آئے، بانی پی ٹی آئی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں، کیونکہ انہیں پتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے ان کے رابطے ہیں، وہ ان رابطوں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ ماحول کے ذمہ دار بانی پی ٹی آئی اور ان کے حمایتی ہیں، میرا کمیٹی سے واک آؤٹ سچ ثابت ہوا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ان کاپتا ہی چلتا آج ٹویٹ کی ہے تو کل منتیں شروع کردیں، یہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں ۔ پاکستان کی سیاست میں بڑی بڑی دو نمبریاں ہوئی ہیں لیکن اس سے بڑی دو نمبری نہیں ہوئی۔ان کاکہنا تھا کہ
جس راستے پر یہ چل نکل چکے مجھے نہیں لگتا کہ کوئی راستہ نکلے گا، ان کا اصل چہرہ سب کے سامنے آگیا ہے، ہاؤس کا احترام اور اسے چلانے کیلئے کمیٹی بنائی گئی، میری رائے ہے کہ کمیٹی کو دریا برد کیا جائے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر پر خوشگوار حیرت ہوئی، یہ جس کے ساتھ ہوتے ہیں ایسے ہی جوش سے تقریرکرتےہیں، کوئی مجھے یہ ہنر سکھا دے کہ میں بھی ہر پارٹی سے مل جاؤں۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی تجویز پر ایک کمیٹی بنائی گئی، کمیٹی کے پہلے اجلاس میں ماحول دیکھا تو احتجاج کیا، اس کمیٹی کا اب کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔