پیپلزپارٹی کسی صوبے میں کمزور نہیں بس ہمارا مطالبہ ہے  لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے: شازیہ مری

08:30 PM, 14 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور:پی پی رہنما شازیہ مری کاکہنا ہے کہ  پیپلزپارٹی کسی صوبے میں کمزور نہیں بس ہمارا مطالبہ ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔لاہور میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا اجلاس ہوا، جس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور سابق صدر و شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد شازیہ مری نے کہا کہ   سی ای سی کی میٹنگ کل تک جاری رہے گی اور پھر اس کے بعد اعلامیہ جاری کریں گے، آج کی بیٹھک گزشتہ میٹنگ کا تسلسل تھی جس میں ملک کی معاشی صورت حال اور مہنگائی پر بات کی گئی۔


شازیہ مری نے کہا کہ سی ای سی اجلاس میں الیکشن سے متعلق بھی غور کیا گیا ہے کیونکہ انتخابات کے معاملے پر ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، صدر مملکت کے خط کے بعد مختلف باتیں سامنے آرہی ہیں۔


پی پی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی صوبے میں کمزور نہیں بس ہمارا مطالبہ ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، دیگر صوبوں میں جب ٹرانسفر پوسٹنگ اور ترقیاتی کاموں پر پابندی نہیں تو پھر سندھ میں کیوں عائد کی گئی ہے۔


انہوں نے الزام عائد کیا کہ نگراں حکومت کچھ معاملات میں جانبداری کا مظاہرہ بھی کررہی ہے، پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی سی ای سی اس بات پر بھی غور کرے گی کہ آئینی طور پر صدر مملکت الیکشن کی تاریخ دینے کا حق رکھتے ہیں یا نہیں کیونکہ صدر واضح مؤقف نہیں رکھتے اور وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں۔شازیہ مری کا کہنا تھا کہ تحفظات کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا وفد الیکشن کمیشن سے ملاقات کرے گا اور نوے روز میں انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا جائے گا۔


پی پی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن الزام تراشی کرتی ہے ان کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے پارٹی قیادت طے کرے گی کہ یہ کس سطح پر ہونا چاہیے، ہمیں جب لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے گی تب منشور پر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوئی ضد نہیں ہے، اگر حلقہ بندیاں کروانی ہے تو کروائیں مگر الیکشن کا انعقاد بروقت یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں