ڈینگی کے وار مسلسل جاری، 121 نئے کیس رپورٹ

02:11 PM, 14 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران  پنجاب  میں121 افراد میں ڈینگی کی تصدیق  ہوگئی۔

سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان کے مطابق رواں سال پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈینگی کے 2ہزار 390 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔

سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب  کی جانب سے دیئے گئے اعدادو شمار کے مطابق  لاہور  میں گزشتہ روز 42 نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 986 تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے۔

 اعداد و شمار کے مطابق  رواں سال روالپنڈی میں ڈینگی کے کل 500 مریض  رپورٹ ہوئے  جبکہ گزشتہ روز 37 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

 سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 12 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ رواں سال ملتان میں ڈینگی کے کل 281 مریض رپورٹ ہوئے۔ 

 فیصل آباد میں رواں سال ڈینگی کے کل 149 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ روز 11 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی.


 گوجرانوالہ میں گزشتہ روز 6 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ رواں سال ڈینگی کے کل 86 مریض رپورٹ ہوئے۔

 علی جان خان  کے بتائے اعداد وشمار کے مطابق قصور میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے  پانچ ،  اٹک میں دو ،  ننکانہ صاحب ، بہاولپور ، بہاولنگر ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، خانیوال اور حافظ آباد میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔ 

سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لئے 2 ہزار 678  بیڈ مختص کئے گئے ہیں جبکہ  پنجاب کے ہسپتالوں میں 84 بیڈز ڈینگی مریضوں کے زیر استعمال ہیں۔ 

 علی محمد جان نے بتایا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 47 مریض زیر علاج ہیں جبکہ  پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے تقریباً111مریض زیر علاج ہیں۔علی جان خان نے کہا کہ رواں سال کے دوران پنجاب کا کوئی بھی شہری ڈینگی کی وجہ سے جاں بحق نہیں ہوا۔ 


 سیکرٹری ہیلتھ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔  شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔

مزیدخبریں