ملک بھر میں تیز ہواؤں، طوفانی بارشوں کی پیشگوئی، ہائی الرٹ جاری

10:43 AM, 14 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے 20 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں اور طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) نے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق  پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہونے کے امکانات ہیں۔16سے 18ستمبر کے دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع بارشوں کی زد میں آسکتے ہیں۔ 17سے 19ستمبر کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں ندی نالوں میں پانی کے بہاومیں تیزی کے امکانات ہیں۔

 
تفصیلات کے مطابق 15 سے 20 ستمبر کے دوران آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، 16 ستمبر سے مغربی ہوائیں بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 15 سے 20 ستمبر کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات سمیت پنجاب کے اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے، اس دوران راولپنڈی، اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔

16 سے 18 ستمبر کے دوران کرم، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کرک، وزیرستان اور جنوبی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے جبکہ 16 سے 18 ستمبر کو راجن پور، موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات، خضدار، میرپور خاص، تھرپارکر، خیرپور، عمر کوٹ میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب 17 سے 19 ستمبر کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، گلیات، چترال، ایبٹ آباد، راولپنڈی، اسلام آباد میں ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے جبکہ موسلادھار بارشوں کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، مانسہرہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

بارشوں کے باعث حالیہ گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے جبکہ آندھی تیز ہواؤں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر سولر پینل کو نقصان پہنچنے کے خدشے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے  کا کہنا تھا  پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ  ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہناہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ادارے کا اولین فریضہ ہے، باہمی تعاون سے قدرتی آفات میں ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں