حیدر آباد: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) حیدر آباد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ انٹیلی جنس آپریشن کے دوران جامشورو بم دھماکے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم شاہد اور سہولت کار سنگھار برفت کے قبضے سے 1 موٹر سائیکل اور آئی ای ڈی برآمد ہوئی ہے جبکہ ملزم شاہد نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ 31 جولائی کو اللہ بخش کھوکھر نے دھماکہ خیز مواد سے بھرا ہوا بیگ میرے گھر پر رکھوایا تھا۔
ملزم نے مزید بتایا کہ اللہ بخش کھوکھر اور میں نے 2 اگست کو گھر پر بیٹھ کر آئی ای ڈی بنائی جو 4 اگست کی شب استعمال کی گئی۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دونوں ملزمان 4 اگست کو موٹر سائیکل پر ڈی سی آفس جامشورو پہنچے، نشانہ پہلے سے ریکی کی گئی ایک گاڑی تھی لیکن غفلت کے باعث دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مذکورہ دھماکے میں 1 ملزم اللہ بخش مارا گیا، سہولت کار سائیں بخش برفت عرف سنگھار کو دھماکہ خیز مواد اسی ملزم اللہ بخش کھوکھر نے فراہم کیا تھا۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اللہ بخش کھوکھر کالعدم تنظیم ایس آر اے کا تربیت یافتہ کارکن اور متعدد ڈکیتیوں میں ملوث تھا۔