حکومت کو پیغام ہے جتنا تنگ کریں گے اتنی ہی تیاری سے آؤں گا: عمران خان

03:03 PM, 14 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو پیغام ہے جتنا تنگ کریں گے اتنی ہی تیاری سے آؤں گا ۔

پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ ہم اسی مہینے تیار ہو رہے ہیں ، عوام کا سمندر باہر نکلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے چپ بیٹھا تھا کہ معاشی حالات برے تھے پھر سیلاب آگیا ۔ انہیں چیلنج ہے جس دن کال دی آپ برداشت نہیں کرسکیں گے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میری جے آئی ٹی میں آج پہلی پیشی ہوئی ، میرے خلاف دہشت گردی دفعات لگائی گئیں ۔ جے آئی ٹی کو سوالوں کے جواب دے دیئے ہیں ۔ یہ مقدمہ دنیا میں مذاق بن گیا ہے ۔ ہر چیز قانون اور آئین کے دائرے میں کی ہے ۔ شہباز گل کو اغوا کرکے اس پر تشدد کیا گیا ، ہم نے کہا تھا قانونی کارروائی کریں گے لیکن دہشتگردی کا مقدمہ درج کر دیا گیا ۔

عمران خان نے کہا کہ ٹیلی تھون کے ذریعے پیسے اکٹھے کیے تو چینلز بند کرا دیئے گئے ۔ ہم نے صرف 5 گھنٹے میں 10 ارب روپے جمع کیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر پر کل ایف آئی اے نے چھاپہ مارا ، ہمیں پولیٹیکل فنڈنگ کرنے والوں کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے ۔ کوشش کی جارہی ہے ہم پر میڈیا اور سوشل میڈیا پر پابندی لگا دی جائے ۔

مزیدخبریں