اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے سرحد پار سے سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت سرحد پار سے دہشت گرد حملوں کو روکے۔
تفصیلات کے مطابق رانا ثناءاللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سرحد پار سے سیکیورٹی فورسز پر حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، افغان حکومت سرحد پار سے دہشت گردوں کے حملوں کو روکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں سرحد پار افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ پاک فوج کے ان شہداءمیں نائیک محمد رحمن، نائیک معویز خان اور سپاہی عرفان اللہ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی سے دہشت گردوں کا بھاری جانی نقصان ہوا جبکہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں ایسی کارروائیوں کی اجازت نہیں دے گی۔