لاہور: فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے خبردار کیا ہے کہ 18 ستمبر سے پنجاب کے دریاؤں ستلج، راوی، چناب اور ان کے ملحقہ نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلڈفورکاسٹنگ ڈویژن نے 14 سے 20 ستمبر تک موسم کا آؤٹ لک جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ہوا کا دباؤ بہت کم ہے جو مشرقی دریاؤں کے بالائی علاقوں کو متاثر کرسکتا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے جاری کئے گئے الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہوا کے اس کم دباؤ کے زیر اثر 18 ستمبر سے دریائے ستلج، راوی، چناب اور ان سے ملحقہ نالوں میں پانی کابہاؤ بڑھ سکتا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں سیلاب سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید تین اموات کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ صوبے میں مجموعی ہلاکتیں 281 ہو گئی ہیں۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے بھر میں مجموعی طور پر 65 ہزار 197 مکانات کو نقصان پہنچ چکا ہے جبکہ 2200 کلومیٹر پر مشتمل شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔