لندن : برطانوی شہزادہ اینڈریو کو 1999 سے 2001 تک ایک نابالغ لڑکی کو 3 مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے پر قانونی نوٹس بھیجوا دیا گیا۔
برطانوی شہزادے نے جنسی زیادتی کے الزامات کی تردید کی تھی ۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ورجینیا رابرٹ گفی نے 2019 میں برطانوی شہزادے اینڈریو پر پہلی بار جنسی زیادتی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ 1999 میں جب وہ نابالغ تھیں، شہزادے نے ان کی رضامندی کے بغیر جنسی تعلقات استوار کرنے پر مجبور کیا تھا۔
خاتون نے مزید کہا تھا کہ برطانوی شہزادے نے 3 برسوں میں 3 بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تاہم برطانوی شہزادے نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔
بعد ازاں خاتون نے گزشتہ ماہ شہزادہ اینڈریو کے خلاف نیویارک کی عدالت میں سول مقدمہ دائر کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ شہزادے نے نابالغی میں زبردستی اور ڈرا دھمکا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
تاہم اب مذکورہ خاتون نے دائر کیے گئے مقدمے سے متعلق شہزادہ اینڈریو کو باقاعدہ قانونی نوٹس بھجوادیا جو ان کے بقول ونڈسر محل کے دروازے پر ڈیوٹی دینے والے میٹروپولیٹن پولیس افسر نے وصول کرلیا۔
قانونی نوٹس میں شہزادے کو 21 دن میں جواب دینے کو کہا گیا ہے بصورت دیگر انھیں ملزم سمجھا جائے گا اور فیصلہ ازخود اُن کے خلاف چلا جائے گا۔
دوسری جانب شہزادہ اینڈریو کے وکلا نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادے پر الزام لگانے والی خاتون کی جانب سےانہیں قانونی کاغذات موصول نہیں ہوئے ہیں۔