لاہور: پنجاب میں سرکاری کمپنیز کو انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ ( آئی ایم ایف) کے ماڈل پر پرائیوٹائز کئے جانے کا امکان ہے اور اس مقصد کیلئے تیار کی گئی رپورٹ میں بی کیٹیگری کی سرکاری کمپنیوں کو بھی پرائیوٹائز کرنے کی تجویز ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ کی جانب سے پنجاب میں سرکاری کمپنیز کے مستقبل کے حوالے سے تیار کردہ رپورٹ میں بی کیٹگری کی سرکاری کمپنیوں پرائیوٹائز کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔
رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ پبلک سیکٹر کمپنیز کو چلانے کیلئے بی کیٹگری کی سرکاری کمپنیاں نجی سرمایہ کاروں کو چلانے کیلئے دی جائیں جبکہ اے کیٹیگری کی کمپنیز کو نان کمرشل کے طور پر چلانے کی تجویز ہے۔
رپورٹ میں آپریشنل کمپنیز میں بیشتر مالی اور انتظامی مسائل پر بھی نشاندہی کی گئی اور کمپنیز میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے متعلق بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، ڈاکٹر سلمان شاہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پنجاب میں سرکاری کمپنیز کو چلانے کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بھی بنانے کی تجویز دی ہے جبکہ یہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ سرکاری کمپنیز کی نگرانی بھی کرے گا، اس پراجیکٹ کیلئے پرائیویٹ افراد کو ایم پی ون سکیل پر رکھا جائے گا۔