لاہور : امریکا نے لاہور کے لیے فائزر ویکسین کی 3لاکھ سے زائد خوراکیں عطیہ کردی ہیں ۔ یہ ویکسین 15 سے 18 سال کی عمر کے افراد کو لگائی جائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور میں فائزر کی 3لاکھ 20ہزار580خوراکیں وصول کی جارہی ہیں، امریکاکی جانب سے ملتان، فیصل آباد کےبعد لاہورکوویکسین عطیہ کی گئی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین مہم چل میں سپلائی کا مسلسل ہونا بہت ضروری ہے ، اب تک 3 کروڑ ویکسین لگ چکی ہے، 15 سال سے 18سال تک کے افرادکو فائزر ویکسین لگ رہی ہے۔
وزیر صحت پنجاب نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں 87 فیصد کیس ویکسین نہ لگنے کی وجہ سے آئے ، آئی سی یو میں بھی وہ ہی لوگ ہیں جنھیں ویکسین نہیں لگی۔
گذشتہ روز امریکا نے سندھ کے لیے فائزر ویکسین کی مزید 3لاکھ20ہزار سے زائد خوراکوں کا عطیہ دیا تھا ، امریکی قونصل جنرل مارک آسٹرو نے ویکسین وزیرصحت سندھ کے حوالے کیں۔
یہ خوراکیں امریکا کی جانب سے پاکستان کے لیے 66 لاکھ فائزر ویکسین کا حصہ ہیں ، کوویڈ ویکسین کی چوتھی قسط سے پاکستان کو ملی ویکسین کی تعداد ایک کروڑ 6 لاکھ ہوچکی ہے۔