کراچی: اورنگی ٹاؤن میں پولیس افسر کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر نے گرفتاری کے ڈر سے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
شاہین بہاری نامی اس ٹارگٹ کلر نے گزشتہ ماہ ہوٹل میں بیٹھے تفتیشی افسر کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔ اس واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں منظر عام پر آگئی تھی۔ ملزم کے ساتھی آصف بھایا کو پولیس اور رینجرز نے گرفتار کر لیا تھا تاہم شاہین بہاری مفرور تھا۔
انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر شاہین بہاری کی خود کشی کا واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا۔ شاہین بہاری نے اپنے ساتھی آصف بھایا کے ساتھ مل کر پولیس افسر کو شہید کیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شاہین بہاری نے گزشتہ ماہ 28 اگست کو اے ایس آئی اکرم خان کی ٹارگٹ کلنگ کی تھی۔ اس ٹارگٹ کلر کی تلاش میں پولیس مسلسل سرگرداں تھی۔ تاہم ملزم کے ساتھی آصف بھایا کو رینجرز اور پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔
ایس ایس پی ویسٹ نے شاہین بہاری کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ جائے وقوع سے ایک پستول اور خود کشی سے پہلے لکھا خط بھی ملا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خط میں شاہین بہاری نے لکھا ہے کہ وہ پولیس چھاپوں سے پریشان ہو کر خود کشی کر رہا ہے۔ اس نے لکھا کہ جس پستول سے اے ایس آئی اکرم خان کو شہید کیا وہ پستول اس نے پھینک دیا، دوسرے پستول سے خود کشی کر رہا ہوں۔