لاہور: سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ گزشتہ دنوں ایک کار حادثے میں زخمی ہو گئی تھیں۔ اس بات کی اطلاع انہوں نے خود سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے دی اور کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہیں جس نے انھیں اس حادثے میں محفوظ رکھا۔
ٹویٹر پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رابی پیرزادہ کو پاؤں، ہاتھ اور بازو پر چوٹیں آئی ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ کیا میرے دشمنوں کو خوش ہونے کا حق نہیں۔ گز شتہ دنوں ایک چھوٹا سا ایکسیڈنٹ ہو گیا۔ میری دعا ان سب کے لیے ہے جو میرا ساتھ دیتے ہیں۔ مگر اللہ ان کو بھی کبھی تکلیف نہ دے جو میرا دل دکھاتے ہیں۔ چھوٹی سی زندگی، پھر نہ میں نہ آپ۔ بس ہمارے اعمال۔
اپنی ایک دوسری ٹویٹ میں رابی پیرزادہ نے لکھا کہ یقین جانیں یہ سفر اس سے دگنا مشکل ہے۔ دین کی راہ پر طعنے اور گلیمر کی راہ پر پیسہ اور پراجیکٹس۔ مگر کب تک؟ صرف ایک حوصلہ ہے۔ ایک دن اپنے رب کے حضور پیش ہونا ہے۔ وہی ہے جو میرے دل کا حال جانتا ہے، آپ سب سے مجھے پیار ہے، کیونکہ میرا اللہ آپ سے پیار کرتا ہے۔ خوش رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے کبھی تکلیف دی، کبھی خوشی، 15 سال کی عمر سے ایک عجیب سی لڑائی ہے، کبھی خود سے کبھی معاشرے سے، پہلے ایک مذہبی گھرانے سے لڑ کر شوبز آئی، کوشش کی اپنا کردار پاک رکھوں۔ اللہ کو یہ منظور نہیں تھا۔ ایک جھٹکے سے مجھے میری اوقات دکھا دی۔ اب لڑائی ہے شوبز سے واپس دین کی طرف آنا۔