ڈبلن: زمبابوے کے وکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر نے آئرلینڈ کیخلاف ون ڈے میچ کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے اور ساتھیوں کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم کے 35 سالہ کرکٹر برینڈن ٹیلر نے پیر کے روز آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ون ڈے میچ میں آخری مرتبہ اپنے ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا جس دوران بیٹنگ کیلئے میدان آمد کے موقع پر ان کے ساتھیوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، آخری اننگز میں وہ 7 رنز بنا سکے۔
برینڈن ٹیلر نے کہا کہ کرکٹ میں میرا 17 برس کا سفر اتار چڑھاؤ سے بھرپور رہا اور میں زمبابوے کی نمائندگی کا موقع دینے پر زمبابوین کرکٹ بورڈ اور سپورٹ پر اپنے کوچز اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکرگزار ہوں۔
واضح رہے کہ برینڈن ٹیلر زمبابوے کی جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل رنز بنانے والے دوسرے بلے باز ہیں جنہوں نے 6684 رنز بنائے جبکہ اینڈی فلاور 6786 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
برینڈن ٹیلر ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں زمبابوے کی جانب سے سب سے زیادہ 11 سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں جبکہ انہوں نے 39 نصف سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں۔
زمبابوین بلے باز برینڈن ٹیلر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے
12:25 PM, 14 Sep, 2021