اسلام آباد: نواب آف جونا گڑھ محمد جہانگیر خان جی نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ وہ جونا گڑھ کے بھی سفیر بنیں جس طرح انہوں نے کشمیر کے مقدمے میں کیا اور بھارت کے غیر قانونی قبضے سے ریاست کی آزادی کے مسئلے کو تمام عالمی فورمز پر اجاگر کیا۔
ایک بیان میں نواب نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کے ذریعے اس مسئلہ کو پُرامن طریقے سے حل کرنا چاہیے۔
نواب آف جونا گڑھ نے کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کی طرح جونا گڑھ کے معاملے کو بھی سنجیدہ لے اور اس تنازعے کے حل کے لئے کوشش کرے۔
انہوں نے کہا کہ جونا گڑھ پاکستان ہے، یہ صرف نعرہ ہی نہیں بلکہ قائداعظم اورنواب آف جوناگڑھ نواب مہابت خان کا خواب بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ پاکستان دنیا کو بھارتی فورسز کے جونا گڑھ پر قبضے کے بارے میں آگاہ کرے کیونکہ یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
نواب آف جونا گڑھ محمد جہانگیر خان جی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آزادی کے وقت ریاست جونا گڑھ کا حکمران مسلمان تھا اور نواب آف جونا گڑھ نواب مہابت خان جی نے گورنر جنرل پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح سے الحاق کیا تھا۔