لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر حسن علی کی ان دنوں ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آ رہے ہیں۔ ان کے مداح اس ویڈیو کو بہت پسند کر رہے ہیں۔
یہ دلچسپ ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری کی گئی ہے۔ پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کے تناظر میں بنائی گئی اس ویڈیو میں حسن علی عینک لگائے دیگر اداکاروں کیساتھ بیٹھے ہیں۔
اس ویڈیو میں وہ ایک ایسے لڑکے کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اپنے والدین کے ساتھ لڑکی کا رشتہ دیکھنے آیا ہے۔
اس ویڈیو میں لڑکے کی والدہ سوال کرتی ہیں کہ ’ماشاء اللہ آپ لڑکی کیا کرتی ہے لیکن لڑکی کا والد کوئی جواب نہیں دیتا اور موبائل پر میچ دیکھنے میں مشغول رہتا ہے۔
حسن علی کی والدہ کا کردار ادا کرنے والی خاتون کوئی جواب نہ ملنے پر کہتی ہیں کہ ہمارے لڑکے نے تو بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کیا ہے، ہمیں اس پر فخر ہے۔
اس موقع پر بھی لڑکی کا والد دیکھنے میں مشغول رہتا ہے اور اس بات کو نظر انداز کرتے ہوئے کہتا ہے کہ جی ضرور کیا ہوگا۔
اس اشتہاری ویڈیو میں خاتون کہتی ہیں کہ ’تو ہم اسے ہاں سمجھیں‘ اس پر لڑکی کا والد پرجوش انداز میں کھڑا ہو کر کہتا ہے کہ ہاں ہو رہا ہے۔
اس موقع پر ایک ملازم مٹھائی پیش کرتا ہے تو لڑکی کا والد ہڑبڑا کر کہتا ہے کہ میں تو میچ کی بات کر رہا تھا، اس پر حسن علی اور ان کی والدہ ایک دوسرے کو حیرانگی سے تکتے رہ جاتے ہیں۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ایک روزہ بین الاقوامی میچز اور ٹی ٹونٹی سیریز رواں ماہ 17 ستمبر سے 3 اکتوبر تک شروع ہو رہی ہے، یہ میچز لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔