فیصل آباد: حلال گوشت کی برآمدات میں عالمی سطح پر پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ اس کیلئے کوششیں ہی نہیں کی گئیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت اگر اس شعبے کی طرف توجہ دے تو پاکستان اس سے کثیر سرمایہ حاصل کر سکتا ہے۔
یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے اے پی پی اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے حلال گوشت کی برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں مگر ابھی تک ہم ان شعبوں کو جدید سائنسی خطوط پر ترقی ہی نہیں دے سکے جس کی وجہ سے اس مد میں عالمی سطح پر ہمارا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
انجینئر حافظ احتشام جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دودھ پیدا کرنے والے ملکوں میں چوتھا نمبر ہے، اسی طرح ہمارا ملک ناصرف پھلوں کی پیداوارمیں خود کفیل ہے جبکہ ان کا ایک بڑا حصہ ضائع بھی ہو جاتا ہے۔ لہٰذا اس ضیاع کو روکنے کیلئے بھی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس نے مختلف ممالک کے سفیروں کو مدعو کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے تاکہ ان کے ساتھ مختلف صنعتی، کاروباری، تجارتی، درآمدی، برآمدی شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی ترقی کا تمام تر انحصار چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں پر ہے لہٰذا حکومت معاشی ترقی کیلئے کاروباری طبقے کو خصوصی سہولیات فراہم کرے۔