ڈومینک تھیم نے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

ڈومینک تھیم نے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

 نیویارک : آسٹریا کے نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ ڈومینک تھیم نے پہلی مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے مینز سنگلز فائنل میں جرمنی کے الیگزینڈر زویرو کو شکست دے کر اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کیا۔

امریکہ میں یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے مینز سنگلز فائنل میچ میں آسٹریا کے سیکنڈ سیڈ ڈومینک تھیم نے عصاب شکن مقابلے کے بعد 23 سالہ جرمن حریف کھلاڑی الیگزینڈر زویرو کو شکست دی۔

ڈومینک تھیم نے ابتدائی دو سیٹس میں جرمن کھلاڑی کے ہاتھوں شکست کے باوجود اگلے سٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔ ڈومینک تھیم کی فتح کا سکور 2-6، 4-6، 6-4،6-3 اور 7-6(8-6) تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان فائنل میچ 4 گھنٹے اور 2 منٹس تک جاری رہا۔

ڈومینک تھیم نے اس کامیابی کے بعد اپنے ٹینس کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔

اس سے قبل 27 سالہ فاتح کھلاڑی تھیم نے 2018 اور 2019 کے فرنچ اوپن کا فائنل اور رواں سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن کا فائنل بھی کھیل چکے ہیں تاہم اس میں ان کو کامیابی حاصل نہیں ہوسکی تھی۔