لاہور: میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کرپشن کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا اور پارلیمینٹ کا حصہ بن کر سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ پارلیمنٹ میں سب کچھ ہوتا ہے لیکن عوامی فلاح اور بہبود کیلئے کچھ نہیں ہوتا۔
طاہر القادری نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری سیاست میں غریب اور متوسط طبقے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ زیادہ تر ارکان پارلیمینٹ صرف اور صرف اقتدار کیلئے زندہ رہتے ہیں۔ سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کی شہادتیں تحریک کی جاری جدوجہد کا ایک نتیجہ تھیں اور 3 ماہ تک عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کے نتیجے میں احتساب کا ایک عمل شروع ہوا۔ طاہر القادری نے کہا کہ مجھے تصنیف و تالیف کے بے پناہ کام اور صحت کے مسائل ہیں اس لئے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی سرگرمیوں سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ میں اپنے تمام تر اختیارات سپریم کونسل کو دے رہا ہوں۔