دبئی: پولیس نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات ایک بھارتی ملازم کو مسافر کے سامان سے دو عدد آم چرانے پر گرفتار کر لیا ہے۔
استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ 27 سالہ بھارتی ملازم لگیج ورکر کے طور پر ایئرپورٹ پر ذمہ داری نبھا رہا ہے۔ اس نے ایک مسافر کے سامان سے دو عدد آم چرا لیے ، جن کی مالیت 6 درہم (پاکستانی تقریبا 240روپے) بنتی ہے۔
ملزم نے تفتیش کے دوران روبرو اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملزم ایئر پورٹ کے ٹرمینل نمبر 3 پر کام کر رہا تھا۔ اس کا کام کنٹینر سے سامان کو کنویئر بیلٹ تک لے جانا اور اسے پھر کنٹینر تک منتقل کرنا تھا۔ وقوعہ کے روز اس نے آموں کی ایک پیٹی سے دو آم چرا لیے۔ جو کہ بھارت بھیجی جانی تھی۔بعد میں مسافر کی جانب سے ایئر پورٹ انتظامیہ کو شکایت درج کرائی گئی ۔
تحقیقات کے نتیجے میں پتا چلا کہ ملزم نے ہی دونوں آم چرائے تھے۔ جب ملزم سے تفتیش کی تو اس نے ابتدا میں انکار کیا تاہم گودام میں سی سی ٹی وی کیمروں پر تعینات ایک سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ اس نے ٹی وی سکرین پر بھارتی ملازم کو آموں کی ایک پیٹی کھول کر اس میں سے آم نکالتے دیکھا تھا۔ سکیورٹی گارڈ کی گواہی کے بعد بھارتی ملازم کو آموں کی چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
جس نے پولیس کی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پیاس کی شدت کے باعث اس کی حالت خراب ہو رہی تھی، جس کی وجہ سے اس نے آم چرائے۔ اس مقدمے کا فیصلہ 23 ستمبر کو سنایا جائے گا جس میں ملزم کو سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔