نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی قرادادوں پر عمل درآمد نہ ہونے کی قیمت کشمیریوں کی نسلوں نے اپنے خون سے ادا کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مطابق پاکستان کی مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سلامتی کونسل کی کاردرگی پر ہونے والے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کا اپنی قراردادوں کو نظرانداز کرنا ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر بھارتی بربریت کے ساتھ ساتھ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد نہ ہونے کی بھی واضع علامت و نشانی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پانچ اگست کے غیر قانونی بھارتی اقدامات سے مقبوضہ وادی کشمیر میں ریاستی جبر و تشدد اور ظلم و بربریت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے زور دے کر کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کو ختم ہونا ہوگا اور اس ضمن میں سلامتی کونسل کو کرفیو ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا , ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں بشمول جبری گرفتاریاں اور مظاہرین پر پیلٹ گنز کے استعمال کو بھی رکوانا ہوگا۔