لاہور:پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کی نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال پر کی جانے والی ٹویٹ کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، گزشتہ روز 11 ستمبر کو کلثوم نواز کا لندن میں انتقال ہوگیا، وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔
ان کے انتقال کے بعد پورا ملک ہی سوگ کی کیفیت میں رہا، جبکہ اس موقع پر حریف جماعتوں کے ممبران نے بھی اپنے افسوس کا اظہار کیا ، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے حامی حمزہ علی عباسی نے بھی ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہوئے کلثوم نواز کے انتقال پر ایک ٹویٹ جاری کی۔
حمزہ علی عباسی نے ٹوئٹر پر بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کیلئے دعائے مغفرت کی، اس کے ساتھ ہی انہوں نے درخواست کی کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے اور اس طرح کی رائے کا اظہار نہ کیا جائے کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہوچکا ہے اس لیے نواز شریف اور مریم نواز کو رہا کیا جانا چاہیے۔
اس ٹویٹ کے کچھ دیر بعد حمزہ نے ایک اور ٹویٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی شرمناک بات ہے کہ کس طرح بعض لوگ کلثوم بی بی کی موت کو نواز شریف اور مریم نواز کیلئے ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے استعمال کر رہے ہیں اور دونوں کو ٹریجک ہیرو کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ شرمناک، قطعی شرمناک اور انتہائی کراہت آمیز بات ہے، اللہ انہیں جوار رحمت میں جگہ دے اور ہمیں کچھ شائستگی عطا فرمائے۔
تاہم ان کی ان ٹویٹس کے بعد صارفین نے حمزہ علی عباسی پر شدید تنقید کرنا شروع کردی ، انہوں نے کہا کہ ’حمزہ علی عباسی جیسے لوگوں کو شرم آنی چاہیے‘۔