واشنگٹن :امریکا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ نے الجزیرہ ٹیلی ویژ ن چینل کو خطے میں انتہا پسندوں کا صوت المکبر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ دوحہ امریکا اور اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گردی کے مالی معاون قرار دیے گئے افراد کی محفوظ جنت ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک انٹر ویو میں یوسف العتیبہ کا کہناتھا کہ قطر نے عراق میں اغوا کیے گئے شاہی خاندان کے افراد کی بازیابی کے لیے ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب اور دوسرے انتہا پسندوں کو براہ راست کروڑوں ڈالرز ادا کیے تھے۔یمن میں قطر کے خیراتی ادارے عید چیرٹی نے جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے رنگ لیڈر عبدالوہاب الحمیقانی کو لاکھوں ڈالرز کی رقم ادا کی تھی۔یہ صاحب اس سے پہلے قطر کی وزارتِ مذہبی امور میں بھی کام کرتے رہے تھے۔
انہو ں نے قطر سے نشریات پیش کرنے والے قطر کے ملکیتی الجزیرہ ٹیلی ویڑن نیٹ ورک کے بارے میں کہا کہ یہ خطے میں انتہا پسندوں کا صوت المکبر ہے۔قطر نے خود یہ ثابت کیا ہے کہ وہ اسلامی انتہا پسندی سے استفادہ کرنے والا ملک ہے۔
یوسف العتیبہ نے یمن میں امریکا اور متحدہ عرب امارات کی مشترکہ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان سے اس ملک میں سکیورٹی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے اور القاعدہ کی موجودگی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔