لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے پڑھائی۔معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے نمازجنازہ میں شرکت کی ۔
تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی کے فٹ بال گراونڈ میں ادا کر دی گئی ۔ نماز جنازہ میں شرکت کیلئے نواز شریف ، شہباز شریف اور شریف فیملی کے دیگر افراد میت کے ہمراہ گراونڈ میں پہنچے۔جنازے میں شرکت کے لیے راجہ ظفر الحق، رانا ثنااللہ، دانیال عزیز، امیر مقام، اقبال ظفر جھگڑا، مشاہد حسین سید سمیت بڑی تعداد میں لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔سابق صدر ممنون حسین بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے گورنر پنجاب چوہدری سرور، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزیر محمود رشید اور فیاض الحسن چوہان نے شرکت کی ۔ چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف ، ق لیگ کی جانب سےچوہدری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی، کامل آغا ، جماعت اسلامی کے فرید پراچہ، قیصر شریف نماز جنازہ میں شریک ہوئے ۔
نماز جنازہ سے قبل خواتین کارکنان کو کلثوم نواز کا دیدار کروایا گیا۔ نماز جنازہ کے بعد مولانا طارق جمیل نے مرحومہ کلثوم نوازکے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت بھی کروائی۔ تاہم نماز جنازہ میں کلثوم نواز کے بیٹوں نے شرکت نہیں کی۔ انہوں نے لندن میں ہی کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اپنی والدہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی۔
۔