پشین: بلوچستان کے ضلع پشین میں بائی پاس کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 3 لیویز اہلکار کے شہید ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 2 شدید زخمی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے قریب ہوا جو موٹرسائیکل کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا جو اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی قریب آتے ہی زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 3 لیویز اہلکار شہید ہو گئے اور 2 شدید زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت اسسٹنٹ کمشنر گاڑی میں موجود نہیں تھے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور لیویز کی بھاری نفری نے علاقے میں پہنچ کر جائے وقوعہ کو سیل کر دیا جب کہ لیویز نے بھی سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکا خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ اس کی نوعیت جاننے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد قریبی اسپتال میں بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جب کہ پشین بائی پاس کو آمدو رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔