اسلام آباد:پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترکی اور پاکستان کا تعلق حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ثقافتی اور عوامی تعلق قائم ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ میں ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور آج کے مذاکرات میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان حال ہی میں طے کردہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اقتصادی شراکت بڑھانے، دوطرفہ تجارت کے معیار کو بڑھانے اور ایک دوسرے کو سہولتیں دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔
ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے اس موقع پر کہا کہ نئی حکومت کے قیام پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، حکومتیں بدلتیں رہتی ہیں، نئے لوگ آتے رہتے ہیں لیکن اصل دوستی عوام کے ساتھ ہے، اس دوستی کو قائم رکھنے کے لیے ہم کوششیں کرتے رہیں گے۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کے مذاکرات میں شاہ محمود قریشی سے بے شمار موضوعات پر بات چیت ہوئی اور زیر بحث لائی گئی باتیں کامیابی کا سبب بنیں گی۔اس سے قبل ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دفتر خارجہ پہنچے تو شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جب کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ترک ہم منصب کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔پاکستان اور ترکی کے درمیان مذاکرات میں باہمی تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون پر بات چیت کی گئی۔