ہمارے ساتھ کھیلیں، فون سے نہیں، بچوں کا احتجاج

12:20 PM, 14 Sep, 2018

جرمنی: جرمنی کے بچوں نے والدین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موبائل فون استعمال کرنے کے بجائے ان پر توجہ دیں۔جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے رہائشی 7 سالہ ایمل رسٹیگ (Emil Rustige) نے اُن تمام والدین کے خلاف احتجاج کیا جو اپنے بچوں کو کم وقت دیتے ہیں اور ان کے ہاتھ میں ہر وقت موبائل فون ہوتا ہے۔

ایمل نے اپنے والدین کی مدد سے اپنے علاقے سے ایک احتجاجی ریلی نکالی جس میں شہر کے 150 بچوں نے شرکت کی اور اُن کا ساتھ دیا۔

انہوں نے اس احتجاج کے لیے باقاعدہ ایک نعرہ تیار کیا جس میں مطالبہ تھا، Play with ME, not with your cell phones! یعنی کہ 'میرے ساتھ کھیلیں، اپنے فون سے نہیں۔

اس دوران ایمل نے لاؤڈ اسپیکر پر بچوں سے خطاب میں کہا کہ 'وہ امید کرتے ہیں کہ اب ممی پاپا اپنا موبائل فون کم استعمال کریں گے اور ہمارے ساتھ وقت گزاریں گے'۔

ایک امریکی تحقیق کے مطابق 13 سے 17 برس تک کے بچوں کا سوشل میڈیا پر کہنا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کے والدین موبائل فون ڈیوائسز سے دور ہو جائیں۔

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے ایڈولیسینٹ ڈیولپمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر رون ڈہل کا کہنا ہے کہ یہ بچے والدین اور دوستوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے سے پریشان ہیں۔ یہ لوگ دیکھتے ہیں اور محسوس کرتے ہیں کہ ان کو اہمیت و توجہ نہیں دی جا رہی جب کہ ممکنہ طور پر وہ خود بھی نہیں پہچان رہے کہ وہ بھی یہی کر رہے ہیں۔

تحقیق کے مطابق جن بچوں کو والدین کی جانب سے توجہ نہیں ملتی وہ اپنے آپ کو تنہا اور غیر اہم محسوس کرتے ہیں اور نتیجتاً دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔

مزیدخبریں