بیگم کلثوم نواز کی میت جاتی امراء پہنچا دی گئی، تدفین آج ہو گی

08:38 AM, 14 Sep, 2018

لاہور: سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت جاتی امراء میں واقع شریف میڈیکل سٹی پہنچا دی گئی۔ شہباز شریف اور شریف فیملی کے افراد شریف میڈیکل سٹی میں موجود ہیں۔  بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ شام پانچ بجے ادا کی جائے گی۔

اس سے قبل سابق بیگم کلثوم نواز کی میت پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے لندن سے لاہور پہنچی۔ شہباز شریف لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے پرواز پی کے 758 میں بیگم کلثوم نواز کی میت لے کر پاکستان پہنچے جس نے تقریباً صبح 6 بج کر 50 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔

کلثوم نواز کی میت کے ہمراہ شریف فیملی کے دیگر افراد آصف بیگ مرزا، خدیجہ مرزا، سائرہ صالح اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما اعجازگل، صائمہ طارق اور نرگس بٹ پاکستان آئے ہیں تاہم نواز شریف کے بیٹے حسین اور حسن نواز پاکستان نہیں آئے۔

اس موقع پر لاہور ایئرپورٹ اور اطراف میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ پولیس نے تدفین کے لئے سیکورٹی پلان بھی تشکیل دے دیا ہے۔

کلثوم نواز کی نماز جنازہ شریف میڈیکل کمپلیکس رائیونڈ میں آج شام 5 بجے ادا کی جائے گی۔ مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ بیگم کلثوم کو نواز شریف کے والد میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

قبل ازیں لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں بیگم کلثوم کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ امام شیخ خلیفہ نے پڑھائی جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، کلثوم نواز کے صاحبزادے حسن و حسین نواز، سابق وزیر داخلہ چودھری نثار، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی رسم قل 16 ستمبر بروز اتوار عصر تا مغرب جاتی امراء میں ہو گی اس حوالے سے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز 11 ستمبر کو لندن میں انتقال کرگئی تھیں۔

مزیدخبریں