اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوترش نے میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان لوگوں کو معمول کی زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوترش کا کہنا تھا کہ رخائن کے مسلمانوں کو میانمار کی شہریت دی جائے یا کم سے کم انہیں ایسے حقوق دیئے جائیں جن کے تحت وہ معمول کی زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے کہا کہ میانمار میں قیامت خیز انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اور برمی فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں پر حملے ناقابل قبول ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پررخائن میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف فوجی آپریشن بند کرے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جتنا ممکن ہو امداد فراہم کریں تاکہ میانمار میں انسانی بحران سے نمٹا جاسکے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی میانمار کے صوبےرخائن میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد کی مذمت کرتے ہوئے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔سلامتی کونسل کی جانب سے بدھ کی شب جاری ہونے والے بیان میں میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
حکومت میانمار راخین میں فوجی آپریشن بند کرے، اینٹونیو گوترش
05:12 PM, 14 Sep, 2017